اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے تحریک انصاف کے منشور کے تحت سول سروسز میں اصلاحات لانے کا وعدہ پورا کر دیا، افسران کو اب کارکردگی کی بنا پر ترقی ملے گی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا سول سروسز میں اصلاحات نصف صدی سے مروجہ فرسودہ نظام میں تبدیلی اور پاکستان کے نئے روشن مستقبل کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوں گی، ترقی کے معیار بدلے گئے، نااہلی کی حوصلہ شکنی اور اہلیت کی حوصلہ افزائی ہوگی، افراد کی خوشنودی یا کسی سیاسی خاندان کی خدمت گزاری ترقی کا معیار نہیں بنے گی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ترقی کا معیار اب محنت، صلاحیت، عوامی خدمت اور عوام کے مسائل کے حل سے جوڑ دیا گیا ہے، افسران کی ترقی اب ان کی کارکردگی اور عوامی ریلیف سے منسلک ہے، وزیراعظم عمران خان عوام کے ریلیف کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر رہے ہیں، افسر شاہی کے اندر جزا اور سزا کا نظام لانے کا قوم سے کیا ہوا عہد پایہ تکمیل تک پہنچا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جو پرفارم کر ے گا اس کو میرٹ کے تحت پروموٹ کریں گے اور مکمل سپورٹ دیں گے، پروموشن میں جانے سے پہلے ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، 20 سال سروس کا ایک بنچ مارک بنایا گیا ہے، اس عرصہ کے بعد سرکاری ملازم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، مستعد سول سرونٹس ترقی پا سکیں گے، سول سرونٹس ایکٹ 1973ء کے سیکشن 13 کے تحت یہ تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔