وزیراعظم کا اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن بڑا قدم ہے: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 19 February,2020 02:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن بڑا قدم ہے، اسمگلنگ قیمتوں میں اضافے کا باعث بنتی ہے، عوام کو مناسب قیمت پر اشیا کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا معیشت کو نقصان پہنچانے والے اسمگلرز کی سرکوبی جاری ہے، منافع خوری کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، اسمگلنگ کی روک تھام کا فیصلہ پختہ عزم کا اظہار ہے، معیشت کو نقصان سے بچانے کیلئے عملی قدم ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ذخیرہ اندوزی شفاف معیشت کی دشمن اور عوام کا استحصال ہے، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف اقدامات قیمتوں میں استحکام لائیں گے، بلوچستان میں بارڈر مارکیٹوں کے قیام میں تیزی کی ہدایات کی ہیں، وزیراعظم نے گندم کی قیمتوں میں کمی کیلئے تجاویز طلب کی ہیں۔
 

Advertisement