اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ قانون کی گرفت سے بچنے اور مجھے بچاؤ تحریک کی بات کر رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت میں کہا تھا کہ رانا ثناء اللہ جنہیں مدد کے لیے پکار رہے ہیں، وہ لندن میں ہیں۔ اگر انہوں نے آنا ہوتا تو وہ اپنی والدہ کو لندن نہ بلاتے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہم صرف اعلانات کی حد تک نہیں عملی طور پر عوام کو فائدہ دینا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم مہنگائی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نکلنے کے کوشش کر رہے ہیں۔ کابینہ میں کچھ تجاویز زیر غور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی چیز قانون طریقے سے درآمد ہو تو ٹیکس اکھٹا ہوتا ہے۔ ذخیرہ اندوز اور سمگلنگ جیسی مافیا کو کوئی بھی برداشت نہیں کرتا۔ اگر کوئی بھی سمگلنگ میں شامل ہے تو اس کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
لیگی رہنما کے بیانات پر انھیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ بکھروں کو جوڑنے کے لئے چورن بچنے کی کوشش اور قانون سے بچنے کے لئے ٹامک ٹوئیاں مار رہے ہیں۔