اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے متعلق برطانیہ کو جو خط لکھا ہے اس میں پردیسی کو دیس میں لانے کے لیے کہا گیا ہے، خط کے جاری ہوتے ہی لندن سے آہ بکا سنائی دی، ظاہر ہوتا ہے لمبا بستر باندھ کرگئے تھے۔ نوازشریف اورسہولت کاراپوزیشن لیڈرسے درخواست کی گئی ہے مریض وطن واپس آجائیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کو جس مقصد کے لیے لندن بھیجا وہ پورا نہیں کیا، ہم توچاہتے ہیں آپ کے حوصلے بلند رہیں اورواپس آئیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 105 دن گزر گئے لیکن سابق وزیراعظم ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے، جوسہولت دی گئی اسے غلط استعمال کیا گیا، رپورٹ اور چٹھی میں فرق ہے، ہمیں اخلاقیات کا درس دینے والے بھائی کے ساتھ ریسٹورنٹ میں بیٹھے تھے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنی سہولت، رعایت کے مطابق ہمیشہ قانون کواستعمال کیا، 105دن ہو گئے،ابھی تک رپورٹ نہیں بھیجی گئی۔ اپوزیشن لیڈر واقعی قانون کی حکمرانی پریقین رکھتے ہیں توواپس آئیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ برطانیہ کو جو خط لکھا ہے اس میں پردیسی کو دیس میں لانے کے لیے کہا گیا ہے، خط کے جاری ہونے ہوتے ہی لندن سے آہ بکا سنائی دی ظاہر ہوتا ہے لمبا بسترباندھ کرگئے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مریض کے سہولت کارکا بیان چل رہا ہے، نوازشریف اورسہولت کاراپوزیشن لیڈرسے درخواست کی گئی ہے مریض وطن واپس آجائیں۔
کرونا وائرس سے متعلق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کرونا وائرس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ گلگت کے اندر ایک اور کیس سامنے آیا ہے، تعداد 5 ہو گئی ہے، ایسے افراد جو چین،ایران سےآئے ان کی تفصیلات سے کابینہ کوآگاہ کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ وزیرتوانائی نے کابینہ کو بجلی کے شعبے سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا، کابینہ کوبجلی کے اضافی بلوں، بجلی چوری، لائن لاسز اور گردشی قرضوں سے آگاہ کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فاٹا، کوئٹہ، اندرون سندھ سمیت دیگر علاقوں میں بجلی بلوں کی ریکوری میں مسائل ہیں، بجلی چورمافیا کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزیرکواس حوالے سے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سکولوں میں بچوں سے ناروا سلوک کا سخت نوٹس لیا۔ حکومتی اصلاحات سے ادارے مستحکم ہو رہے ہیں، وزیراعظم کی عوام دوست پالیسیاں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لارہی ہیں۔ حکومتی اصلاحات سے ادارے مستحکم ہورہے ہیں، وزیراعظم کی عوام دوست پالیسیاں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لارہی ہیں۔