اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ بتایا جائے سابق وزیراعظم نواز شریف کو کونسی بیماری ہے جو ابھی تک قوم کو بتائی ہی نہیں جا سکی۔
فردوس عاشق اعوان کا پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں میں اپاہچ کیے گئے اداروں کو حکومت فعال کر رہی ہے۔ اداروں کی عالمی قوانین کے مطابق صاف اور شفاف نجکاری ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان خزانے کی ایک ایک پائی عوامی مفاد پر خرچ کر رہے ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ دل پشوری فارمولا پاکستان کے ہر دل کے ہسپتال میں شیئر کرنے کی ضرورت ہے۔ دل کا مریض بچوں کے ساتھ لندن کی فضاؤں میں ہشاش بشاش ہے۔ اسی فارمولے کو دل کے دوسرے مریضوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہیے۔
انہوں نے لیگی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم رپورٹ کی بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں کہ جمع کرا دی ہے۔ یہ کیسی سرجری ہے کہ مریض گھر میں لیٹا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چٹھی لکھتے ہی پریس کانفرنسز کی بھرمار شروع ہو ہو گئی ہے۔ پریس کانفرنس میں بتایا گیا دل کی حالت بہت زیادہ خراب ہے۔ دل کا علاج تو ہسپتال میں ہوتا ہے۔