اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ٹی وی چینل پر پیش آنے والا واقعہ قابل افسوس ہے۔ میڈیا کو ایسے حساس معاملات پر زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ میڈیا یا کسی بھی فورم پر عورت کی تضحیک ناقابل قبول ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ خاتون کی عزت وقار اس کی حیا جبکہ جسم کی نمائش اس کی توہین ہے۔ حکومت خواتین کے ہر قسم کے استحصال کے خلاف ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ہر مسلمان عورت کا رول ماڈل حضرت فاطمتہْ الزہرا کی سیرت طیبہ اور امہات المومنین جیسی جلیل القدر ہستیاں ہیں۔ پہلی مسلمان خاتون حضرت خدیجہ الکبریٰ تجارت پیشہ تھیں۔ اِسلامی تاریخ کے یہ روشن کردار ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ وجود کی نمائش خود عورت کی توہین ہے۔ خاتون کی عزت و وقار اس کی حیا ہے۔ میڈیا یا کسی بھی فورم پر عورت کی تضحیک اور تذلیل ناقابلِ قبول رویہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت خواتین کے ہر قسم کے استحصال کے خلاف ہے اوران کے آئینی، قانونی، سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ عورتوں کے حق وراثت سے لے کر زینب الرٹ بل کی منظوری تک کے اقدامات عورتوں کے حقوق کیلئے حکومت کے پختہ عزم اورسوچ کا واضح اظہار ہے۔