ہنر مند پروگرام نوجوانوں کیلئے امید کی ایک کرن ہے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 12 March,2020 03:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہنر مند پروگرام نوجوانوں کیلئے امید کی ایک کرن ہے، خواتین ہنر مند پروگرام سے فائدہ اٹھا کر ملکی ترقی میں کردار ادا کریں گی، وزیراعظم عمران خان کا وژن نوجوانوں کا مستقبل سنوارنا ہے۔

روالپنڈی کی نجی یونیورسٹی میں منعقدہ نوجوان پروگرام تقریب ہنر سب کے لیے میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی خواتین کے ہاتھوں میں ہے، خواتین نئے پاکستان کا ہر اول دستہ ہیں، دنیا میں پاکستان کی بیٹیوں کا تعارف آئی ٹی میں نمایاں کارکردگی سے ہوگا، خواتین کو با اختیار بنانا وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، حکومت خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گی۔

معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا تھا کسی بھی معاشرے میں کامیاب سرمایہ کاری انسانی وسائل پر کی جاتی ہے، وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے نوجوانوں کو اپنے پاوں پر کھڑا کیا جائے تا کہ وہ اپنا مستقبل سنوار سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے کامیاب جوان پروگرام اہم کردار ادا کر سکتا ہے، پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے خواتین کو اپنا کردار ادا کرنا اور 21 صدی کے مطابق نوجوانوں کو ٹرین کریں گے۔