کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سکول پیر سے کھلیں گے یا نہیں ؟ حتمی فیصلے کے لیے سندھ سرکار آج سرجوڑ کر بیٹھے گی۔ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ایس ایل میچز کراچی میں ہی ہونگے۔
کرونا ٹاسک فورس اور محکمہ تعلیم کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر تعلیم سعید غنی اور وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین نے پریس کانفرنس کی۔ سعید غنی نے کہا 14 دن کی چھٹیاں اس لیے دیں کہ پہلے تیار نہیں تھے، اجلاس میں اکثریت نے سکول کھولنے کی تجویز دی، 16 مارچ سے تعلیمی سرگرمیاں شروع کریں گے، صورتحال خراب ہوئی تو فیصلہ تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے میچز ضرور ہونگے، عوام سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل ہے۔
قبل ازیں ٹاسک فورس اجلاس میں وزیراعلیٰ کو تازہ ترین صورتحال پربریفنگ دی گئی جبکہ ایئرپورٹ پر کیے گئے انتظامات سےمتعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ سندھ حکومت نے وفاق سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر آئسولیٹڈ فیسلٹی قائم کرنے اور ہیلتھ ڈیسک قائم کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں کرونا کے تمام مریض جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آئے ہیں، کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو ایئرپورٹ پر روکا جائے۔
دوسری جانب کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے محکمہ صحت سندھ نے نئی ایڈوائزری جاری کر دی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ کسی کے عزیزو اقاوب اگر بیرون ملک سے آئے ہیں تو ان طلبہ کا داخلہ بھی سکول میں منع ہوگا، کوئی بھی طالبعلم یا سٹاف کا عملہ جس میں وائرل کی علامات ہیں تو وہ سکول نہیں آسکتے۔
ہیلتھ ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ تمام طلبہ صابن، سینیٹائزر اور پانی کا استعمال زیادہ کریں، تمام طلبہ کا ہجوم والی جگہوں پر جانا ممنوع ہوگا، طلبہ ایک دوسرے سے ڈیسک پر تین فٹ کے فاصلے پر بیٹھیں، کھانسی اور چھینک کے دوران تمام طلبہ منہ ضرور ڈھانپیں۔