کورونا وائرس کے وار مزید تیز، ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 1865 ہوگئی

Last Updated On 31 March,2020 06:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے وار مزید تیز ہوگئے، ملک بھر میں مزید 148 مریضوں کے بعد مجموعی تعداد 1865 ہوگئی۔ کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے اور پہلے سے جاں بحق ایک مریض کی رپورٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی۔

 اب تک پنجاب میں 652، سندھ 627، خیبر پختونخوا میں 221 کیس سامنے آچکے ہیں، بلوچستان میں 153، گلگت بلتستان میں 148، اسلام آباد میں 58 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد وائرس کا شکار ہوئے، ملک بھر میں 58 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب حکومت کی ترجمان کے مطابق پنجاب میں گزشتہ روز مہلک وائرس سے متاثرہ 3 افراد انتقال کرگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق مریضوں کی عمریں 70، 55 اور 42 سال تھیں، ان میں سے 2 مریضوں کی ٹریول ہسٹری بھی موجود تھی۔ ان میں سے ایک 41 سالہ مریض لاہور میو ہسپتال میں چل بسا اور 2 مریض راولپنڈی میں دم توڑ گئے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی انوار الحق نے بتایا کہ جہلم کے علاقے دینہ کا رہائشی پاکستانی نژاد برطانوی شہری عبد العزیز بیس دن پہلے برطانیہ سے پاکستان آیا تھا جبکہ ایک 55 سالہ خاتون کوثر پروین ٹیکسلا واہ کینٹ میں زیر علاج تھی، گزشتہ روز دونوں دم توڑ گئے۔ پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد 9 تک جاپہنچی ہے جن میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی میں 3، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔

کراچی 

کراچی میں مزید 3 ہلاکتوں کے بعد شہر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی۔ محکمہ صحت کے مطابق ایک ہلاک ہونیوالا 66 سالہ مریض گردوں کے مرض میں بھی مبتلا تھا جبکہ دوسرے کورونا کے 52 سالہ مریض کو سانس کی تکلیف تھی، دونوں کو رائیونڈ اجتماع کے دوران کورونا وائرس ہوا تھا۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ کراچی کی ایک 63 سالہ خاتون بھی انتقال کر گئی جسے دمے کی بیماری اور سانس لینے میں تکلیف جیسے مسائل کا سامنا تھا اور خاتون 10 روز قبل سعودی عرب سے آئی تھیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں مزید کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 58 ہوگئی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا اور مریضوں کی تعداد بدستور 6 ہی ہے۔

خبیر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے بیان میں کہا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 24 مارچ کو کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کی موت واقع ہوئی جس کی رپورٹ آنے میں تاخیر ہوئی اور آج رپورٹ مثبت آگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں میڈیا کوآرڈی نیٹر صوبائی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان نے کہا کہ صوبے میں 11 نئے مریض سامنے آگئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی کل تعداد 153 تک جاپہنچی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج 17 مریض صحت یاب ہوگئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے 25 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 148 ہو گئی ہے۔ گلگت میں اب تک 6 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔