لاہور: (روزنامہ دنیا) لڑکیوں کی تعلیم کیلئے آواز اٹھانے والی نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی نے اپنے بالوں کو خود کاٹنے کا تجربہ کیا ہے جسے معروف امریکی ہیر سٹائلسٹ اور ملالہ کے مداحوں نے خاصا پسند کیا ہے۔
ملالہ یوسفزئی نے پیر کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں امریکی ہیر سٹائلسٹ جوناتھن وین نیس کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں قرنطینہ کے دوران کچھ نہ کرنے کی انہی کی نصیحت یاد دلائی لیکن ساتھ ہی شرارتی لہجے میں یہ بھی لکھا کہ وہ ان کی نصیحت کے برخلاف یہ کام (ہیئر کٹنگ) کر چکی ہیں۔
ملالہ نے لکھا کہ جوناتھن وین نیس نے کہا تھا کہ قرنطینہ کے دوران اپنے ساتھ نت نئے تجربے نہ کریں لیکن میں نے اپنے بال سامنے سے خود کاٹ دیئے ہیں۔ کیا میں نے بال صحیح کاٹے ہیں ؟ جوناتھن نے ملالہ کے ہیر سٹائل کو پسند کرتے ہوئے جواب میں لکھا کہ آپ نے مجھے متاثر کر دیا ہے۔ 22 سالہ ملالہ کی پوسٹ کو ہزاروں لوگوں نے پسند کیا ہے اور کہا ہے انہوں نے بہت اچھے بال کاٹے ہیں۔
یاد رہے ملالہ گھر پر خود کو احتیاط کے طور پر قرنطینہ کیے ہوئے ہیں اور چند روز قبل انہوں نے بال کاٹنے سے پہلے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا تھا کہ وہ باہر جانے اور دوستوں کو ملنے کو مس کر رہی ہیں۔