لاک ڈاؤن، دودھ اور سبزیاں سستی، برائلر کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی

Last Updated On 27 March,2020 03:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاک ڈاؤن کے باعث لاہور میں شادی ہالز، ڈھابے اور بازار بند ہیں جس ک باعث عوام کو بھی اشیائے خورونوش میں ریلیف ملنے لگا۔ دودھ اور سبزیاں سستی، برائلر کی طلب کم ہونے سے قیمتوں میں غیر معمولی کمی آئی گئی۔

رواں ہفتے مرغی کا گوشت 51 روپے سستا ہوا اور فی کلو قیمت 142روپے پر آگئی، شیر فروشوں نے بھی دودھ کی قیمت کم کر دی۔ دودھ 90 روپے کے بجائے 70 سے 80 روپے فی لٹر فروخت کیا جا رہا۔

لاک ڈاؤن سے پہلے پیاز 90 روپے کلو بیچا جا رہا تھا جو اب 70سے 80 روپے فی کلو تک دستیاب ہے، ٹماٹر 70 روپے سے کم ہو کر 55 روپے کلو ہوگیا، سبز مرچ 50 روپے کمی کے ساتھ 150 روپے، لہسن 350 روپے کے بجائے 320 روپے اور ادرک 450 روپے کے بجائے 390 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔

موسمی سبزیوں میں آلو 80 روپے سے سستا ہو کر 60 روپے، بند گوبھی 70 روپے سے 50 روپے اور بینگن 80 روپے سے 50 روپے فی کلو پر آگئے۔ لاک ڈاؤن اشیائے خورونوش کی طلب میں کمی اور رسد میں اضافے کا باعث بنا جس سے شہریوں کو دودھ، برائلر اور سبزیوں کی قیمتوں میں ریلیف ملنے لگا۔