مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے: شہباز شریف کا مطالبہ

Last Updated On 01 April,2020 01:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا صوبوں کو نظر انداز کیا جانا مجرمانہ عمل اور بے حسی کی انتہاء ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹرز، نرسز، طبی عملے اور صوبوں کو حفاظتی لباس، دیگر ضروری سامان کی ہنگامی بنیادوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے، دو دن میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں یکدم اضافہ شدید پریشانی کا باعث ہے، کورونا مریضوں کی تعداد سینکڑوں سے ہزاروں میں تبدیل ہونا سنگین صورتحال کا اعلان ہے، جب تک حکومت کورونا کے  ٹرینڈ  کو سمجھے گی، بہت دیر ہوچکی ہوگی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا صوبوں کو وسائل کی فراہمی اور ان کی تقسیم کے طریقہ کار پر تاحال وضاحت نہیں دی گئی، فروری میں اسلام آباد سمیت تمام صوبوں نے حفاظتی لباس مانگا تھا لیکن وزیراعظم نے انکار کر دیا، افسوس وزیراعظم اور ان کی ٹیم اب تک یہ بنیادی کام بھی نہیں کر پائی، ان کی کابینہ نے ضروری اشیاء کی منظوری نہ دے کر مجرمانہ غفلت کی، لاک ڈاؤن اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔