لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، مختلف شاہراہوں پر ناکوں کا معائنہ کیا اور پولیس اہلکاروں سے سوالات کئے، ایک اہلکار سے مکالمہ ہوا جس کے دوران وہ بہانے بناتا رہا۔
گورنرپنجاب نے نیا انداز اپناتے ہوئے سر پر ہیٹ پہنا، عام شہریوں کی طرح سوزوکی گاڑی میں بیٹھ کر پولیس ناکوں کی چیکنگ کی اور اہلکاروں کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور بات چیت بھی کی۔ گورنر کی حفاظت پر مامور اسٹاف بھی سادہ کپڑوں میں کچھ فاصلے سے سکیورٹی امور سر انجام دیتا رہا۔
ایک ناکے پر گورنر پنجاب کا پولیس اہلکار سے دلچسپ مکالمہ ہوا، چودھری سرور نے اہلکار سے سوال کیا آپ نے موٹرسائیکل سواروں کو کیوں نہیں روکا، جس پر جواب ملا وہ ہسپتال جا رہے تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ نے انہیں روکا ہی نہیں آپ کو کیسے پتہ وہ ہسپتال جا رہے ہیں، اس پر پولیس اہلکار سٹپٹا گیا۔ بعد ازاں گورنر نے اہلکار کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔