لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے ریکارڈ مدت میں 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال تیار کرلیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا اور کورونا کے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلی عثمان بزدار کا کہنا تھا محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی مشترکہ کاوشوں سے 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بنایا گیا ہے،9 روز قبل ایکسپو سنٹر کا دورہ کیا، اللہ تعالی کے کرم اور میری ٹیم کی دن رات کی محنت سے ایک ہزار بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال ریکارڈ مدت میں تیار ہوا ہے،9 روز میں 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال کو فنکشنل کرنا انتہائی احسن اقدام ہے۔
عثمان بزدار نے کہا محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو1122 کے حکام کو شاباش دیتا ہوں، ہسپتال میں تمام ضروری سہولتیں مہیا کی گئی ہیں، فیلڈ ہسپتال میں تین وقت کے کھانے کا انتظام بھی ہے، اس فیلڈ ہسپتال میں مریضوں کو آئسولیشن میں رکھا جائے گا، کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کا بہترین حل گھروں میں رہنا ہے، دیگر ہسپتالوں پر بھی پوری توجہ دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے پنجاب میں نئی 8 لیب بنائیں گے، تشخیصی لیبز کے لئے 62 کروڑ روپے کے فنڈ ز جاری کر دیئے ہیں، 8 تشخیصی لیبز کے قیام سے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی سہولت میں اضافہ ہو گا، کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے پر رائے ونڈ کو قرنطینہ کیا گیا ہے، دیہاڑی دار مزدوروں کو ریلیف دینے کے لئے چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کا آج سے آغاز کر دیا گیا ہے۔