پنجاب حکومت کا مالی امداد کی رقم میں اضافہ، 12 ہزار روپے کر دی گئی

Last Updated On 05 April,2020 06:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے 25 لاکھ غریب اور مستحق خاندانوں کیلئے مالی امداد کی رقم 4 ہزار روپے سے بڑھا کر 12ہزار روپے کر دی ہے۔

تفصیل کے مطابق مستحق خاندانوں کی مدد کے لئے وفاقی اور پنجاب حکومت ہم قدم ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی درخواست پر مستحق خاندانوں کیلئے مالی امداد کی رقم میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

25 لاکھ غریب اور مستحق خاندانوں کیلئے مالی امداد کی رقم 4 ہزار روپے سے بڑھا کر 12 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ وفاقی حکومت کے ‘’احساس پروگرام’’ اور پنجاب حکومت کے ‘’وزیراعلیٰ پنجاب انصاف امداد پیکیج’’ کے اشتراک کے ذریعے مستحق خاندانوں کو دونوں پروگرام کے تحت مالی امداد کی رقم کی مشترکہ ادائیگی کی جائے گی۔

مستحق افراد کو کوائف کی تصدیق کے بعد یکمشت 12 ہزار روپے ادا کئے جائیں گے۔ غریب اور مستحق افراد 7 اپریل تک درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اعلان کیا ہے کہ پہلے درخواست جمع کرانے والے افراد کو دوبارہ درخواست جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مشکلات کے شکار عوام کی مدد کے لئے وفاقی اور پنجاب حکومت یکسو ہیں۔