لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بڑے فیصلے کرتے ہوئے رپورٹ کی روشنی میں کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کر دی ہیں۔
یہ بات انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہی، بعد ازاں دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کے لیے اللہ کی نعمت ہیں۔ وقت بتائے گا کہ ان کی حکومت سنہرا باب ہوگا۔ وزیراعظم وہی کرتے ہیں جو ان کا ضمیر کہتا ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ وزیر خوراک سے استعفیٰ لے لیا گیا ہے۔ جو بھی ذمہ دار ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی کی حتمی رپورٹ کے بعد آٹا چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مخالفین اتنی جرات کا مظاہرہ نہیں کر سکتے۔ یہ جرات کا مظاہرہ عمران خان ہی کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین عمران خان کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ وہ رائے ضرور لیتے ہیں لیکن فیصلے اپنے مرضی سے کرتے ہیں۔ اس میں نقصان بھی ہو سکتا ہے لیکن وہ نقصانات کی پرواہ کیے بغیر ایسے فیصلے کرتے ہیں۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اب شاید کیڑے نکالے گی کیونکہ اس نے ایسا کبھی خواب میں بھی نہیں کیا۔ دیگر سیاسی جماعتیں اس طرح کے فیصلوں سے نابلد ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا رپورٹ کو منظر عام پر لائیں گے۔ رپورٹ مارچ کے شروع میں منظر عام پر آ جانی تھی لیکن انہوں نے کسان کو بچانے کے لیے رپورٹ کو منظرعام پر لانے میں تھوڑی تاخیر کی اور جو بہترلگا، وہ فیصلہ کیا۔