اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت مستحقین کو کیش گرانٹ کی فراہمی کا آغاز کر دیا، یوٹیلٹی اسٹورز ریلیف پیکج کوعیدالفطرتک توسیع دیدی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کیلئے اڑھائی ارب روپے کا پیکج منظور کیا گیا ہے، ضرورت کے مطابق اس پیکج کو 7 ارب تک توسیع دی جائے گی۔ وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکج کے تحت 10 ارب روپے یوٹیلٹی اسٹورزکو جاری ہو چکے، عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں، یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے سستی اشیا کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ پیکج کے تحت 19 اشیاء رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی، ضروری اشیاء کی فراہمی کیلئے نگرانی کا عمل موثر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ مستحقین مستفید ہوں گے، متاثرین کو12 ہزار روپے کیش گرانٹ فراہم کی جارہی ہے۔ حکومتی پالیسیوں کا محورغریب اور پسماندہ طبقے کو ریلیف کی فراہمی ہے، امدادی سرگرمیوں میں مخیرحضرات کے جذبے کو سراہتے ہیں۔