لفظ ٹائیگر کو کسی سیاسی جماعت سے منسوب نہ کیا جائے: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 02 April,2020 11:15 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لفظ ٹائیگر کو کسی سیاسی جماعت سے منسوب نہ کیا جائے، سماج کی خدمت کرنے والا ہر نوجوان ٹائیگر ہے، عمران خان انہیں تب سے ٹائیگر قرار دے رہے ہیں جب وہ سیاست میں بھی نہیں آئے تھے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا نوجوان شوکت خانم ہسپتال کی تعمیر میں پیش پیش تھے جو کسی کے علاج میں سیاسی تفریق نہیں کرتا، تمام سیاسی جماعتوں سے التماس ہے الفاظ کی بجائے  کاز  کو اہمیت دیں۔ انہوں نے کہا ہمیں ایک ٹیم بن کر کرونا جیسے دشمن کو شکست دینی ہے، نوجوان قومی خدمت کی مشن میں عمران خان کا ساتھ دینے کیلئے خود کو سیٹیزن پورٹل پر رجسٹر کروائیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا سماجی خدمات میں نوجوانوں نے ہمیشہ روشن کردار ادا کیا، نوجوان بے غرض ہو کر خدمت خلق کا کام انجام دیتے ہیں، وزیراعظم نے مستحق افراد کے گھروں میں اشیائے ضروریہ پہنچانے کی ذمہ داری ان نوجوانوں کے سپرد کی جو سماجی کام میں عمران خان کا ہمیشہ دست و بازو بنے۔
 

Advertisement