اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے اہم ریکارڈ، 5 گاڑیاں، 3 لیپ ٹاپ اور ہارڈ ڈسک غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ رجسٹرار پی ایم ڈی سی حفیظ الدین نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریری رپورٹ جمع کرا دی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی کی بحالی کے بعد مختلف ڈیپارٹمنٹس کا ریکاڑد غائب پایا گیا۔ چابیاں، 3 لیپ ٹاپ، ہارڈ ڈسک، وائی فائی ڈیوائس، پی ایم ڈی سی کی ملکیت 5 گاڑیاں غائب ہیں جو گاڑیاں موجود ہیں ان کی چابیاں موجود نہیں، پی ایم ڈی سی کی ملکیت والے 3 گھروں کی چابیاں بھی ابھی تک واپس نہیں کی گئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم قرار دیئے گئے پاکستان میڈیکل کمیشن کے سیکرٹری اور وزارت صحت کو صورتحال سے آگاہ کیا لیکن جواب نہیں ملا، سیکرٹری کمشن ڈاکٹر اسلان حیدر نے وزارت صحت سے بات کرنے کا کہا۔ رپورٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی نے کورونا کے باعث ابھی صرف 45 ملازمین کے محدود سٹاف کے ساتھ کام شروع کیا ہے۔