غیر معمولی صورت حال سے نمٹنے میں چینی معاونت پر ممنون ہیں، مشیر خزانہ

غیر معمولی صورت حال سے نمٹنے میں چینی معاونت پر ممنون ہیں، مشیر خزانہ

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ واقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں چین کے سفیر یاؤجنگ کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم کے مشیر نے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے نمٹنے میں چین کی جانب سے پاکستان کو اب تک فراہم کی جانیوالی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چینی سفیر کو وبا سے متاثر ہونے والے شہریوں، کاروبار اور صنعتوں کیلئے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ امدادی پیکج کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی، انہیں محفوظ بنانا، معاشرے کے کمزور، غریب طبقات کو نقد معاونت اور معیشت کے پہیہ کو آہستہ آہستہ پائیدار انداز میں چلانا حکومت کی اولین جیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس ضمن میں 1200 ارب روپے سے زائد کے جامع امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اس پیکج میں مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے 200 ارب روپے، چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروبار اور زراعت کیلئے 100 ارب روپے، سیلز ٹیکس ری فنڈ کیلئے 107 ارب روپے، انکم ٹیکس ری فنڈ کیلئے 50 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔