اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے تدارک کیلئے آرڈیننس متعارف کرایا جا رہا ہے، ماضی میں زرعی شعبے کو نظر انداز کیا گیا۔
سید فخر امام نے وزیر اعظم عمران خان کو ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ اور ٹڈی دل کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ آرڈیننس سے ایسی کاروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہو سکے گی، صنعتوں سے متعلق جاری حکومتی ایس او پیز کا اطلاق بھی یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے سید فخر امام کو ہدایت کی کہ ماہ رمضان کے پیش نظر گندم اور دیگر اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر گہری نظر رکھی جائے، ملک کے کسی حصے میں خوراک کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔
چئیر پرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی وزیر اعظم کو ایمرجنسی کیش پروگرام کی پیشرفت سے آگاہ کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ خوشی ہے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی ہے، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر دور دراز علاقوں میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس پروگرام سے مستفید ہوں۔
وزیر اعظم عمران خان سے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم نے بھی ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کاروباری سرگرمیاں بند ہونے سے ملکی معیشت اور کم آمدن افراد پر اس کے اثرات کا مکمل ادراک ہے، کورونا وباء کے پیش نظر کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔