اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرنے کا سخت نوٹس لیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی کاوشوں کو مناسب طریقے سے پیش نہ کرنے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کی سرزنش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ظفر مرزا سپریم کورٹ کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کا تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے تھے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ کے سامنے حکومتی کاوشوں کو جامع اور مودبانہ انداز میں پیش کرنا معاون خصوصی برائے صحت کی ذمہ داری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت کے رویے پر ناراضی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سپریم کورٹ اور چیف جسٹس آف پاکستان کو نہایت عزت وتکریم کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سپریم کورٹ کے سامنے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کی روش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔