نیو یارک: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں تیزی سے کورونا وائرس پھیل رہا ہے، اس مہلک بیماری کو روکنے کے لیے جہاں عالمی دنیا مقابلہ کر رہی ہے وہیں پر سوشل میڈیا کا کردار بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے، اسی حوالے سے فیس بک نے بھی واٹس ایپ کے بعد اب اپنے دوسرے مقبول ترین پلیٹ فارم میسنجر میں بھی عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے کورونا وائرس کووڈ 19 چیٹ بوٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او میسنجر چیٹ بوٹ صارفین کو کووڈ 19 یعنی کورونا وائرس سے متعلق تمام تر تازہ ترین معلومات فراہم کرے گا اور افواہوں کو بھی ختم کرے گا۔
ڈبلیو ایچ او ہیلتھ الرٹ انٹریکٹو سروس سے مستفید ہونے کے لیے صارفین کو عالمی ادارہ صحت کے آفیشل فیس بک پیج پر جانا ہوگا۔
بعد ازاں صارف کو پیج پر موجود سینڈ میسج کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا جس سے میسنجر چیٹ بوٹ کھل جائے گا جس پر کورونا وائرس سے متعلق تمام تر معلومات میسر ہوگی۔
عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے شروع کیا جانے والا چیٹ بوٹ فی الحال انگریزی، ہسپانوی اور عربی زبان میں موجود ہے جس میں جلد ہی مزید زبانوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ واٹس ایپ پر بھی اسی طرح کے چیٹ بوٹ کا آغاز کیا گیا تھا جبکہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بھی کورونا کے حوالے سے تمام تر معلومات فراہم کرنے والی ایپ بھی متعارف کروائی جا چکی ہے۔