لاہور: (روزنامہ دنیا) پنجاب بورڈ کمیٹی چیئرمینز کا کہنا ہے کہ ملتوی ہونے والے امتحانات کا کوئی نیا شیڈول جاری نہیں کیا گیا، طلبہ امتحانات کے حوالے سے متعلقہ بورڈز کی ویب سائٹس کے علاوہ کسی شیڈول پر اعتبار نہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بورڈ کمیٹی چیئرمینز کی سیکرٹری ریحانہ الیاس کا کہنا ہے کہ نویں، گیارویں اور بارویں جماعت کے تھیوری میٹرک کے عملی امتحانات کے حوالے سے کوئی شیڈول نہیں جاری کیا گیا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے تمام نوٹیفکیشن جعلی ہیں، امتحانات کے حوالے سے کوئی شیڈول اتھارٹی کی جانب سے منظور ہوگا تو وہ متعلقہ بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے گا، امیدوار امتحانات کے حوالے سے صرف متعلقہ بورڈ کی ویب سائٹ پر دی جانے والی معلومات پر ہی اعتبار کریں۔