لاہور: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے سدباب کے لئے پنجاب کی پارلیمانی لیڈرشپ نے سرجوڑ لئے، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کورونا کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
پرویز الہی کی زیرصدارت پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی کے ویڈیو لنک اجلاس میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ق اور دیگر نامزد ارکان شریک ہیں، اجلاس میں کورونا وائرس کے سدبات کے لئے حکومتی اقدامات کاجائزہ لیا جا رہاہے،2 روزہ اجلاس کی سفارشات حکومت کو ارسال کی جائیں گی۔
پارلیمانی کمیٹی کے ویڈیو لنک اجلاس کو صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے حکومتی اقدامات پر بریف کیا۔ یاسمین راشد کا پارلیمانی کمیٹی کو بریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے ٹیسٹوں کے معیار کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے، نئی ٹیسٹنگ لیبز میں پروفیشنل لوگوں کو بھرتی کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع تک ٹیسٹنگ کی سہولت کو بڑھایا جا رہا ہے، کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے تمام ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بڑھانا انتہائی خوش آئند ہے، فرنٹ لائن پر فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔