سکھر: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ کورونا کے ٹیسٹ کم ہونے سے کیسز زیادہ نہیں آ رہے، انسانی جانیں بچانے کیلئے لاک ڈاؤن بڑھایا، زیادہ تر راشن بیگز یوٹیلٹی سٹورز سے بنوائے۔
سکھر میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کورونا کے حوالے سے سکھر فرنٹ لائن پر تھا، سکھر میں ابھی 6 متاثرین کا علاج جاری ہے، 2874 ٹیسٹ کیے جس میں سے 340 مثبت آئے، پہلے بھی کہتے تھے وائرس ہے مگر ٹیسٹ کم ہو رہے ہیں، 24 گھنٹے کے دوران مزید 16 افراد صحت یاب ہوگئے، سکھر قرنطینہ میں ڈاکٹر اور ورکر کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، سکھر میں کورونا سے متاثر ڈاکٹر صحت یاب ہوگیا۔
مرادعلی شاہ کا کہنا تھا انسانی جان بچانے کیلئے مزید 14 دن لاک ڈاؤن بڑھایا، چاہتے ہیں جو بھی آنا چاہے وہ ایس او پیز کو فالو کرے، کسی سیکیورٹی اور پروٹوکول کی ضرورت نہیں، مارچ سے ہی سخت لاک ڈاؤن کرنا چاہیئے تھا، ہم متحد ہوں تو پولیس کو ناکوں کی ضرورت نہ پڑے۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ نے گاڑی خود ڈرائیو کر کے شہر کا دورہ کیا اور راستے میں گاڑی روک کر پروٹوکول گاڑیاں واپس کر دیں۔ اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا پروٹوکول نہیں چاہیے، مجھے شہر دیکھنے دیں، شہر میں فیومیگیشن چل رہی ہے مجھے دیکھنا ہے۔ وزیر اعلی نے دکانوں پر گاڑی روک کر دکانداروں کو سماجی فاصلوں کہ ہدایت بھی کی۔