لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں تقریباً 70ہزار بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال اور قرنطینہ سنٹرز کے انتظامات کیے جا چکے ہیں، پنجاب میں اب تک تقریباً 15 ارب روپے کی رقوم 12 لاکھ سے زائد خاندانوں میں تقسیم کی جا چکی ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں کرونا کے خلاف محاذ پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ وہاڑی اور اٹک میں 180 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال قائم کیے گیے ہیں۔ کورونا کے خلاف جنگ کے باوجود سردار عثمان بزدار دیگر انتظامی امور کو بھی احسن طریقے سے چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلٰی کی ہدایات پر گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی، تجاوزات کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔ گندم خریداری، ٹڈی دل کے تدارک، رمضان پیکج سمیت تمام امور پر کام ہو رہا ہے، دفعہ 144 کے نفاذ اور امن و امان قائم رکھنے کے لیے ہماری پولیس فورس دن رات کام کر رہی ہے۔ احساس کفالت سنٹرز پر رقوم کی تقسیم کے بہترین انتظامات پر انتظامیہ اور پولیس داد کی مستحق ہیں۔