کورونا مزید 17 زندگیاں نگل گیا، اموات 124، متاثرہ افراد کی تعداد 6505 ہوگئی

Last Updated On 16 April,2020 05:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 ہزار 505 تک پہنچ گئی جبکہ مزید 17 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 124 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 520 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 3217، سندھ میں 1668، خیبر پختونخوا میں 912، بلوچستان میں 280، گلگت بلتستان میں 237، اسلام آباد میں 145 جبکہ آزاد کشمیر میں 46 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 78 ہزار 979 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5540 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 1645 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 39 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے مزید 17 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 124 ہوگئی۔ سندھ میں 41، پنجاب میں 34، خیبر پختونخوا میں 42، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 3 اور اسلام آباد میں ایک مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔

 پنجاب

کورونا وائرس کے مریضوں کے اعدادوشمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پنجاب میں مریضوں کی مجموعی تعداد 3217 ہوگئی ہے۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ 701 زائرین، 1091 تبلیغی ارکان، 91 قیدی اور 1133 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ اب تک صوبے میں کورونا سے 550 افراد صحت یاب اور34 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ جن میں سے لاہور میں 12، راولپنڈی 7، ملتان 3، رحیم یار خان 2، بہاولپور، جہلم، فیصل آباد اور گجرات میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

ادھر لاہور کیمپ جیل میں تصدیق شدہ قیدی مریضوں میں سے 37 قیدیوں کا دوسرا ٹیسٹ منفی آگیا۔ سپرنٹنڈنٹ جیل اسد جاوید وڑائچ کے مطابق 512 قیدیوں کے ٹیسٹ کروانے کے بعد مثبت ٹیسٹ آنے پر 59 قیدی جیل ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں 37 قیدیوں کے دوبارہ ٹیسٹ کروائے گئے تو ان تمام کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔ حتمی رپورٹس کے بعد قیدیوں کو متعلقہ بیرکس میں منتقل کردیا جائے گا۔

سندھ

سندھ میں 150 نئے کیسز سامنے آئے اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔ مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 1668 اور ہلاکتیں 41 ہوگئی ہیں۔ جبکہ مزید 133 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 560 ہوگئی ہے۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں پانچ اور سکھر میں ایک مریض دم توڑ گیا ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں 32 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 280 ہوگئی۔ صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام نئے کیسز مقامی طورپر منتقلی ہے۔ لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ بلوچستان میں کورونا کے 137 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے مزید 47 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 912 ہوگئی۔ انہوں نے کورونا کے مزید 4 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی اور کہا کہ یہ اموات پشاور کے مختلف ہسپتالوں میں ہوئیں۔
صوبے میں مزید 13 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس سے جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 191 ہوچکی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے کورونا کے مزید 14 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد مریضوں کی تعداد 145 ہوگئی۔ وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا کے مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 237 ہو گئی۔ سرکاری ترجمان کے مطابق دو نئے کیسز استور اور ایک نگر میں سامنے آیا جبکہ گلگت بلتستان میں زیر علاج مریضوں کی تعداد صرف 56 رہ گئی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ روز کوئی نیا کیس سامنے نہ آیا اور مریضوں کی تعداد بدستور 46 ہی رہی، البتہ مزید 5 مریض صحت یاب ہوگئے جس کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج ہونیوالے مریضوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔