پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وائرس کا پھیلاؤ کم ہوا لیکن یہ نہیں کہا جا سکتا کہ خطرہ ٹل گیا۔ اس وائرس کے ساتھ ہمیں کچھ عرصہ رہنا پڑے گا۔
تفصیل کے مطابق صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کابینہ روم میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ وزیر صحت تیمور سلیم کا کہنا تھا کہ عوام نے احتیاط نہ کی تو مہینے کے اندر 80 ہزار کیسز ہوں جائیں گے۔ ہر ہفتے کورونا کیسز کی تعداد ڈبل ہو رہی ہے۔ صوبے کی 4 کروڑ عوام کو باخبر رکھنا چاہتے ہیں۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے 6 اضلاع میں اب تک کورونا کے کیسز نہیں آئے۔ کوشش ہے جن اضلاح میں وائرس نہیں، وہاں کیسز نمودار نہ ہوں۔ قبائلی اضلاع میں بھی صورت حال ابھی کنٹرول میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے مقابلے کے لیے روایتی عادتوں اور سیاست سے ہٹنا ہوگا۔ اس وائرس کے خلاف روایتی انداز کامیابی نہیں دلا سکتا، تمام سیاسی افراد اپنے اختلافات ختم کریں۔