پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 12 ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ بھی متاثر ہو گیا ہے۔ پشاور میں سب سے زیادہ 7 ڈاکٹر متاثر ہیں۔ صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا فرنٹ لائن پر ڈیوٹی دینے والے متاثرہ ڈاکٹروں کی تعداد سے لاعلم نکلے۔
تفصیل کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے کیسز میں جہاں اضافہ ہو رہا ہے تو وہیں ہسپتالوں میں فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ بھی مریضوں کے علاج میں پیش پیش ہے۔
پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی فراہمی میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ بھی کورونا وائرس کا شکار چکا ہے۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں اب تک تین ڈاکٹروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے ڈاکٹر خود متاثر ہوں گے تو مریضوں کا علاج کون کرے گا؟
ینگ ڈاکٹرز کے مطابق صوبہ بھر میں کورونا وائرس سے 12 ڈاکٹر، ایک پیرا میڈیکل اہلکار اور 8 نرسز متاثر ہوئے ہیں۔ پشاور میں سب سے زیادہ 7 ڈاکٹر کورونا کا شکار ہوئے جس میں ایک نجی اسپتال کا ڈاکٹر اور نرس بھی شامل ہے۔
صوبائی وزیر صحت کورونا سے متاثرہ ڈاکٹروں کی تعداد سے لاعلم نکلے اور اپنے بیان میں کہا کہ جو فرنٹ پر ہوگا رسک پر ہوگا۔ ادھر خیبر پختونخوا میں ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ سمیت دیگر اداروں کے ملازمین میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔