اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی طرف سے کنسٹرکشن انڈسٹری کے لئے جاری کئے گئے مراعاتی پیکیج سے دگر گوں معاشی صورتحال میں امید کی شمع روشن ہوئی ہے، ڈیڑھ سال میں سب سے بڑا پیکیج دینا حکومت کا سب سے بڑا کام ہے، یہ پیکیج دستاویزی معیشت کا سائز دگنا کر دے گا۔
پروگرام ‘‘دنیا کامران خان کے ساتھ ’’ کے میزبان کے مطابق ماہرین پیکیج کو گیم چینجر قرار دے رہے ہیں، اس حوالے سے کاروباری برادری میں ایک نیا جذبہ پا یا جاتا ہے، اس سے ایک کروڑ نوکریاں پیدا ہونا بھی ممکن ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا گزشتہ روز پاکستان کی سٹاک ایکسچینج کیلئے بہترین دن تھا، روپیہ ڈالر کے مقابلے میں سوا تین فیصد بڑھ گیا۔
پروگرام میں مراعاتی پیکیج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بانی لیک سٹی لاہور گوہر اعجاز نے کہا مایوسی کے عالم میں حکومت نے جو پیکیج دیا ہے یہ عوام اور تاجروں کیلئے تاریخی ہے اور ان لوگوں کیلئے بڑی خوشخبری ہے جو کسی ایمنسٹی سکیم میں نہیں آ رہی تھی، اس پیسے سے 50 صنعتیں چلیں گی۔ انہوں نے کہا پاکستان میں معاشی سرگرمیاں لوٹ رہی ہیں، ہر جگہ کام شروع ہوچکا ہے، مزدور ایس او پی بھی فالو کر رہے ہیں، گھر بنانے کا ہدف بڑا نہیں اگر حالات ٹھیک رہے تو جی ڈی پی بہت اوپر چلی جائے گی، 18 ماہ سے ایل ڈی اے میں اس حوالے سے کام جاری تھا، آباد سے مل کر بڑی محنت سے سفارشات تیار کی گئی ہیں جو کابینہ کو منظوری کیلئے بھیج دی گئی ہیں۔
بانی نیا ناظم آباد کراچی عارف حبیب نے کہا اللہ کے فضل سے شرح سود میں کمی آئی ہے، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور جی 20 کی قرضوں میں سہولت پاکستان کیلئے بہت بڑا ریلیف ہے اس سے بہت بڑا معاشی دباؤ ہٹ گیا ہے، سٹاک ایکسچینج میں بہتری آئی، روپیہ کچھ تگڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا خالی پالیسی کام نہیں دے گی، اب ذمہ داری بلڈرز پر آتی ہے کہ وہ زیادہ محنت سے کام کریں، جائز پیسے والوں کیلئے گھر خریدنے کا بہترین موقع ہے، لاکھوں لوگوں کا پیسہ تعمیری کاموں میں لگے گا۔ سب کیلئے بہت اچھی پچ تیار کی گئی ہے اب ان کو کھیلنا ہے کہ کیسے کھیلتے ہیں۔
بلڈر اینڈ ڈویلپر عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کوئی شک نہیں آنیوالے دن پاکستان کی معیشت کیلئے بہترین ہوں گے، پاکستان کے بدخواہوں کیلئے یہ واقعی برا دن ہے، وزیر اعظم عمران خان پاکستان کیلئے نعمت ہیں جو مسلسل تاجر برادری سے رابطے میں ہیں، نوکریاں ملیں گی، زراعت بہتر ہوگی، ایکسپورٹ بڑھے گی، پاکستان مشکل سے گزر چکا ہے اب بہترین دور آنیوالا ہے۔ انہوں نے کہا سی پیک میں بھی بہتری آئے گی، سب لوگوں نے اپنا اپنا رول ادا کیا ہے۔ اس پیکیج کی اچھی بات یہ ہے کہ اس سے کرپشن کے راستے بند ہو جائیں گے، سب سے بڑا فائدہ 90 فیصد ٹیکس چھوٹ ہے، اس سے قبل اتنا بڑا فائدہ کسی نے نہیں دیا، 10 ہزار سے 15 ہزار کرائے پر رہنے والے اب اپنے گھر کے مالک بن سکتے ہیں، شرح سود اب اوپر نہیں جائے گی بلکہ مزید گرے گی، 25 سے 30 لاکھ کا مکان آسان قسطوں میں مل سکے گا۔
ماہر امور ٹیکس، کنسٹرکشن پیکیج مدثر خالد نے کہا وزیر اعظم کے ویژن کو عملی شکل ملی ہے، کنسٹرکشن سیکٹر میں بہت مسائل تھے اب اس سیکٹر کو آفر دے دی گئی ہے کہ آئیں کام کریں، بزنس پیدا ہوگا، نوکریاں ملیں گی، یہ ایمنسٹی سکیم سے زیادہ سرمایہ کاری سکیم ہے، اب لوگوں کو پیسہ لگانے میں کوئی خوف نہیں ہوگا، جن لوگوں کے پاس جائز پیسہ تھا اور ایف اے ٹی ایف کی بندشوں کی وجہ سے باہر نہیں لا رہے تھے ان کیلئے بہترین موقع ہے کہ وہ بے دھڑک ہو کر پیسہ لگا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا پیکیج میں بہت ہی آسان شرائط ہیں، تمام صوبوں سے مل کر اپروول پراسس کو آسان بنایا جا رہا ہے، ون ونڈو کے تحت یہ کام کیا جا رہا ہے۔
آباد کے سابق چیئرمین حسن بخشی نے کہا پورا پاکستان مبارک باد کا مستحق ہے کیونکہ یہ پیکیج تمام پاکستانیوں کیلئے ہے جو لوگ آمدن کا ذریعہ ظاہر نہیں کرنا چاہتے تھے اب وہ اپنا گھر خرید سکیں گے، یہ عام مزدور کا پیکیج ہے، ود ہولڈنگ ٹیکس بھی نہیں لیا جائے گا، بلڈرز کیلئے بھی آسانیاں ہیں، چلتے ہوئے پروجیکٹ بھی اس میں شامل ہوں گے، 72 صنعتیں اس سے مستفید نہیں ہوں گی بلکہ ہزاروں انڈسٹریز کا اس سے تعلق ہے، حکومت کو اگلے سال 100 فیصد ٹیکس ملے گا۔ انہوں نے کہا جیسے ہی وائرس کا معاملہ کم ہوتا ہے سب بلڈرز کام کیلئے تیار ہیں، اب ہماری نظریں سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ پر ہیں کہ وہ بھی آسانیاں پیدا کریں۔