لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جزوی لاک ڈاؤن کورونا سے سدباب اور عوام کے مفاد میں ہے، لوگ گھروں میں رہ کر خود اور اپنے پیار وں کو محفوظ رکھیں.
وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، عثمان بزدار سیکورٹی اور پروٹوکول کے بغیر ہی صورتحال کا مشاہدہ کرتے رہے، انہوں نے خود گاڑی چلائی اور گلبرگ، مال روڈ اور شادمان سمیت علاقوں میں لاک ڈاون کے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف شاہراہوں پر بڑی تعداد میں ٹریفک موجود ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام کی زندگیاں عزیز ہیں، تاجر برادری نے قومی ذمہ داری نبھائی، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اپنے فرائض جانفشانی سے ادا کر رہے ہیں۔ لوگ احتیاطی تدابیرپر عمل کریں اور گھروں تک محدود رہیں۔