منڈی بہاؤالدین: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے منڈی بہاؤالدین میں احساس کفالت پروگرام کے سنٹر کا دورہ کیا اور مالی امداد کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیراعلی عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت نے کمزور طبقے کو ریلیف دینے کے لئے مالی امداد کا شفاف ترین پروگرام شروع کیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں مالی امداد کا اتنا تیز ترین اور شفاف پروگرام پہلے کبھی نہیں آیا- مستحق افراد کو ریلیف دینے کے لئے وسائل کی کمی آڑے نہیں آنے دیں گے-
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مالی امداد کے پروگرام کی خود نگرانی کر رہا ہوں- کفالت سنٹرز پر مستحق افراد کے لئے ضروری سہولتیں بھی مہیا کی گئی ہیں اور سماجی فاصلوں کو بھی یقینی بنایا گیا ہے- کورونا وباء پر قابو پانے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے- بعد ازاں عثمان بزدار نے امدادی رقم مستحق خاتون کے حوالے کی۔