لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نشتر ہسپتال ملتان کے بعض ڈاکٹرز اور عملے میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبروں کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ بعض ڈاکٹروں اور عملے میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے واقعہ کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
سردار عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ ڈاکٹروں اور عملے کو حفاظتی لباس اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے ہسپتالوں میں ضروری سامان ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر اور دیگر عملہ فرنٹ لائن پر ہیں، ان کی حفاطت سب سے پہلے مقدم ہے، کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔