لاہور: (دنیا نیوز) صوبے میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے بعد پنجاب حکومت نے روزانہ کی بنیاد پر 10 ہزار کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راجن پور کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کو ہسپتال میں مریضوں کے لیے آئسولیشن وارڈز میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ سردار عثمان بزدار نے کورونا سے متاثرہ مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ راجن پور کے دور دراز ضلع میں بھی متاثرہ مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے۔ڈی ایچ کیو ہسپتال راجن پور میں ڈاکٹرز اور عملے کی کمی کو جلد دور کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کو بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تعینات کریں گے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راجن پور کو اپ گریڈ کرنے کیلئے جلد اقدامات کئے جائیں گے۔ فاضل پور، کوٹ مٹھن اور داجل میں دیہی مراکز صحت کو اپ گریڈ کرکے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کاد رجہ دیں گے۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ روجھان کے ہسپتال میں آنکھوں کے علاج معالجے کا وارڈ بنائیں گے۔ جام پور اور روجھان کے ہسپتالوں میں گائنی وارڈ بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔ عوام کی حفاظت کیلئے پنجاب میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے جاری ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ مہلک وباء سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے رکھنا بہترین حکمت عملی ہے۔ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے Punjab Infectious Diseases Prevention & Control Ordinance 2020 نافذ کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 10 ہزار ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف اورہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا مریضوں کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کو چند روز میں 10 ہزار تک لے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے ریکارڈ مدت میں ایکسپو سینٹر لاہور میں 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بنایا۔ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کا بہترین حل گھرو ں میں رہنا ہے۔ پنجاب کے ہر ضلع میں جا کر خود متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے مہیا کردہ سہولتوں کا جائزہ لے رہا ہوں۔