لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کے بیشتر علاقوں میں کورونا وائرس کے وبا پھیلنے لاکھوں افراد کے متاثر ہونے کے بعد دنیا میں اس کے پھیلائو کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ لوگوں کا خیال ہے کہ کرنسی نوٹ بھی کورونا وائرس پھیلانے کا موجب بن سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جارجیا نے کرنسی نوٹوں اور دھاتی سکوں کو کرونا سے پاک کے لیے ایک نیا طریقہ اختیار کیا گیا ہے۔
جارجیا کے ایک مقامی ٹی وی چینل ون کی رپورٹ کے مطابق جنوبی شہر بوٹی میں مارکیٹ انتظامیہ نے کرنسی نوٹوں کو استری کرکے انہیں وائرس سے بچانے کا سلسلہ شروع کیا ہےجب کہ دھاتی سکوں کو جراثیم کش محلول سے صاف کیا جاتا ہے۔
دریں اثنا جارجیا کے نیشنل سینٹر برائے انسداد امراض و پبلک ہیلتھ کے نائب صدر باٹا ایمنازی کا کہنا ہے کہ کرنسی نوٹوں کو صاف کرنے کے لیے گرم لوہے یا جراثیم کش اسپرے کا عمل موثر ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں داخل ہونے سے پہلے گاہک اپنی جیب میں موجود پیسے نوٹوں کو پاک کرنے والے مقامی کارکنوں کو دیتے ہیں جو انہیں نوٹ استری کر کے جب کہ دھاتی سکے اسپرے کے ذریعے صاف کرکے واپس کردیتے ہیں۔ اس کے بعد گاہک اپنی مرضی کے مطابق ان نوٹوں اور سکوں کو استعمال کر سکتا ہے۔
اس کے علاوہ بازاروں میں آنے والوں کا بخار بھی باقاعدگی کے ساتھ چیک کیاجاتا ہے۔ بازاروں میں داخل ہونے کے لیے دستانوں اور ماسک کا استعمال ضروری ہے اور حکومت کی طرف سے ماسک اور دستانے مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ سماجی فاصلہ قائم رکھنے کی بھی تلقین کی جاتی ہے۔
بازاروں میں انتظامیہ باقاعدگی کے ساتھ صفائی کرتی ہے۔ بازاروں میں رش کم رکھا جاتا ہے اور لوگوں کو اپنی باری پر بازار جانے کی اجازت ہے۔
بیس مارچ سے جارجیا میں فارمیسیوں ، گروسری اسٹورز ، پالتو جانوروں کی دکانوں ، گوداموں ، زرعی منڈیوں ، مویشی منڈیوں ، کھاد کی دکانوں ، گھریلو آلات کی دکانوں اور گیس اسٹیشنوں کے علاوہ دیگر تمام دکانیں بند کردی ہیں۔