لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کوہ سلیمان کے علاقے سنگھڑندی کے کنارے چوٹی کری ماڑھ پہنچے جہاں انہوں نے مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو دیکھ کر چوٹی کے اردگرد آباد قبائلی لوگ جمع ہو گئے۔ انہوں نے سردار عثمان بزدار کی اچانک آمد پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ دو گھنٹے پتھریلی زمین پر بیٹھ کر قبائلی لوگوں سے ”حال احوال“ کرتے رہے۔
انہوں نے قبائلی لوگوں سے بلوچی زبان میں گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کری ماڑھ میں سکول بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان کو فوری ہدایات دیں۔
قبائلی لوگوں نے گفتگو کے دوران، رابطہ سڑک، گندم اور آٹے کی فراہمی، ویٹرنری ڈاکٹر اور ادویات کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر اور مقامی انتظامیہ کو کری ماڑھ کے لوگوں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا۔
اس دوران وزیراعلیٰ نے بزرگ قبائلی کے ساتھ آنے والی 4 سالہ بچی سے گفتگو کی، شفقت سے پیش آئے اور نقد انعام بھی دیا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں بسنے والے ساری بچیاں میری بیٹیوں کی مانند ہیں۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے سنگھڑ ندی کے کنارے آبی ذخیرہ کی تعمیر کے منصوبے کا جائزہ لیا اور کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کا بہت پوٹینشل ہے۔ چھوٹے ڈیموں کی تعمیر سے آبپاشی کے ساتھ پینے کا صاف پانی بھی ملے گا۔ محکمہ آبپاشی چھوٹے ڈیموں کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرے۔
وزیراعلیٰ نے ہیلی کاپٹر پر کوہ سلیمان کی مختلف سڑکوں اور زیر تکمیل منصوبوں کا مشاہدہ کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن اینڈ انفراسٹرکچر، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری آبپاشی، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔