لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس کورونا سے نمٹنے کا کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا، 22 کروڑ عوام سیاسی مخالفین کے دوغلے چہرے کو پہچان چکے، عوام کے تعاون سے وبا پر قابو پالیں گے۔
سردار عثمان بزدار نے اپوزیشن کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا مایوس اپوزیشن جماعتوں نے اہم قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے، کئی ماہ لندن بیٹھ کر مزے لوٹنے والوں کی زبان سے دکھی انسانیت کی بات کسی صورت نہیں جچتی۔ انہوں نے کہا اپوزیشن جماعتیں کورونا وباء پر سیاست چمکانے سے گریز کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی اور پنجاب حکومت نے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کی دانشمندانہ سوچ اور دور اندیش فیصلوں سے خائف ہیں۔