لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے فضائی دورے کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند مارکیٹوں اور کمرشل سینٹرز کا بھی مشاہدہ کیا، عثمان بزدار نے حکومتی اداروں کی جانب سے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس، پاک فوج اور رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا، فضائی دورے میں عثمان بزدار نے مشاہدہ کیا کہ لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کی سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر اور مارکٹیں سنسان تھیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی صحت اورجان کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کیے ہیں، عوام گھروں میں رہیں گے تو کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا، حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرنے پر لاہور سمیت پنجاب کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا پولیس، پاک فوج اور رینجرز میں مثالی کردار ادا کر رہے ہیں، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری نظر ہے، مختلف شہروں کے دورے کر کے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے شہریوں کو کورونا سے بچانا ان کا مشن ہے، کورونا وائرس کی وباء کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ پابندیوں پر عملدرآمد کرنے پر ٹرانسپورٹر اور تاجر برادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔