سندھ میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر مکمل پابندی، دوپہر 12 سے 3 تمام سرگرمیاں معطل

Last Updated On 03 April,2020 11:02 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں آج نماز جمعہ کے حوالے سے احکامات جاری کئے گئے ہیں، صرف تین سے پانچ افراد کواجازت ہوگی، کراچی سمیت سندھ دوپہر 12 سے 3 بجے تک مکمل بند رہے گا۔

محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر میں مساجد میں پیش امام، موذن اور انتظامیہ سمیت 5 افراد نماز جماعت کے ساتھ ادا کرسکیں گے، دوپہر 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، عوام کی نقل و حرکت پر بھی پابندی ہوگی۔

لاک ڈاؤن کے حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کریانہ کی دکانیں صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک کھلی رہیں گی، دودھ کی دکان صبح پانچ سے رات آٹھ بجے تک کھولی جاسکتی ہیں، 14 اپریل تک شاپنگ مالز، سیمنا، شادی ہالز، الیکٹرونکس مارکیٹ اور سماجی تقاریب پر پابندی برقرار ہے۔

لاہور سمیت پنجاب میں بھی نماز جمعہ کی مناسبت سے آج سخت ترین اقدامات کئے گئے ہیں۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹرقبلہ ایاز نے بھی عوام کو نمازیں گھر میں ادا کر نے کی ہدایت کی ہے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں بھی لاک ڈاؤن کے باعث دکانیں، مارکیٹس اور کاروباری مراکز آج بھی بند ہیں۔
 

Advertisement