نیویارک: (دنیا نیوز) کورونا وائرس نے زمین کو جکڑ لیا، متاثرہ افراد کی تعداد دس لاکھ سے زائد ہو گئی۔ یورپ اور امریکا میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئیں، دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد 53 ہزار218 ہو گئی، فرانس میں مزید 1355، امریکا میں 968 افراد ہلاک ہوئے۔
کورونا وائرس کے وار تیز ہوتے جا رہے ہیں، دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دس لاکھ سے زائد ہو گئی، امریکا اور یورپی ممالک میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کے مریض چل بسے۔ امریکا میں مزید 968 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار سے زائد ہو گئی۔
مہلک وائرس نے فرانس میں بھی تباہی مچا دی، چوبیس گھنٹے میں 1355 افراد ہلاک ہوئے، کل تعداد 5 ہزار 387 ہو گئی۔ اٹلی میں ایک ہی روز مزید 760 ہلاکتوں کے بعد تعداد 13 ہزار 915 ہو گئی۔ اسپین میں مزید 961، برطانیہ میں 569 مریض دم توڑ گئے، ایران میں مزید ایک 124، ترکی میں 79 اموات ہوئیں۔
سعودی عرب میں مزید 5 مریض دم توڑ گئے، مرنے والوں کی تعداد 21 ہو گئی، 359 نئے کیس بھی رپورٹ ہوئے، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں چوبیس گھنٹے کا کرفیو لگا دیا گیا۔ امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا کے چالیس ایسے علاقے ہیں جہاں ابھی تک کورونا وائرس کا ایک بھی مریض سامنے نہیں آیا۔ یہ وہ علاقے ہیں جہاں آبادی بہت کم ہے یا آمرانہ حکومتیں ہیں۔