فیصل آباد کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ میں ادویات کی فراہمی کئی روز سے بند

Last Updated On 03 April,2020 10:22 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کا خوف، آؤٹ ڈور کھولنے کے حکومتی اعلان کے باوجود فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں او پی ڈی سروس اور ادویات کی فراہمی کئی روز سے بند ہے، دل کے مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔ سیکڑوں مریضوں کو ہسپتال کے گیٹ سے واپس موڑ دیا جاتا ہے۔

کورونا وائرس کے خوف سے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی انتظامیہ نے بھی آوٹ ڈور سروسز اور ادویات کی فراہمی بند کر رکھی ہے، 11 روز سے دل کے ہزاروں مریض چیک اپ اور ادویات کی سہولت سے محروم ہیں۔ روزانہ ہزاروں شہریوں کو ہسپتال کے مین گیٹ سے ہی واپس کر دیا جاتا ہے۔ مریضوں کا کہنا ہے لاک ڈاون کی وجہ سے پہلے ہی بے روزگار ہیں، اوپن مارکیٹ میں بھی ادویات کی قلت ہے۔

دل کی بیماری انتہائی خطرناک ہے جبکہ ادویات کی عدم فراہمی ہزاروں زندگیوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ ایم ایس ہسپتال کہتے ہیں کورونا وائرس کے پھیلاو کا خطرہ ہے، روزانہ ہزاروں مریضوں کو ادویات فراہم نہیں کر سکتے۔

ایف آئی سی ہسپتال سے امراض قلب کے ماہانہ لاکھوں رجسٹرڈ مریض ادویات حاصل کرتے ہیں، ہسپتال انتظامیہ کے پاس تمام مریضوں کے فون نمبر اور ایڈریس بھی موجود ہیں جبکہ حکومت اور انتظامیہ معاملے کا ایکشن لیتے ہوئے ادویات گھروں میں پارسل کر کے ہزاروں زندگیاں محفوظ بنا سکتی ہے۔
 

Advertisement