جہلم: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آئے تمام لوگوں کی سکریننگ کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ بیرون ملک سے آئے لوگوں کے گھروں کی جیو ٹیگنگ ہوگی۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار جہلم پہنچے جہاں انہوں نے کیڈٹ کالج میں قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ کیا اور متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جہلم کے 28 شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جہلم میں 1327 لوگ بیرون ملک سے آئے، جن کی دوبار سکریننگ کی گئی ہے جبکہ 552 مریضوں کو آئسولیشن میں رکھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ آئسولیشن میں رکھنے کی سہولت 1022 بستروں تک بڑھائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا سے بچنے کیلئے سماجی فاصلے ضروری ہیں۔ ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنا زندگیوں کو محفوظ بنائے گا۔ پنجاب حکومت نے شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے بروقت موثر اقدامات کیے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ حکومتی پابندیاں شہریوں کی صحت اورحفاظت کیلئے ہیں۔ شہریوں کے تعاون سے کورونا وبا کو شکست دیں گے۔ وائرس کے خلاف یہ جنگ ہم سب نے مل کر لڑنی ہے۔ اس جنگ میں واحدآپشن صرف جیت ہے۔