لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکسین بنانے کی تیاریاں جاری ہیں، برطانیہ میں بھی دعویٰ سامنے آیا ہے جہاں پر سگریٹ بنانے والی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ تمباکو تیار کرنے والے پودوں کی مدد سے کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے ویکسین تیار کر رہی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سگریٹ تیار کرنے والی برٹش امریکی تمباکو (بیٹ) نامی کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ایسے پودوں کی مدد سے کورونا ویکسین تیار کررہی ہے جن کے ذریعے تمباکو بنائے جاتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ہم ممکنہ طور پر رواں سال جون تک ویکسین تیار کر لیں گے، کامیاب تجربے کے بعد ہر ہفتے ویکسین کی لاکھوں مقدار میں تیاری کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ حکومتی ایجنسیز کی مدد سے ویکسین پر کام جاری ہے، جلد ’’کلینیکل ٹرائل‘‘ انسانوں پر کیا جائے گا۔
بیٹ کمپنی کا خصوصی صحت کا شعبہ ویکسین کو تیار کر رہا ہے۔ قبل ازیں کمپنی نے ایبولا وائرس کی ویکسین بھی تیاری کی تھی۔ کمپنی کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تمباکو پلانٹ میں ایسے اجزا پائے گئے جو کروناوائرس سے بھی لڑسکتے ہیں۔
ڈیوڈ اوریلی نامی سائنس دان کا کہنا ہے کہ کروناوائرس کی ویکسین تیار کرنا ایک بڑا چیلنج ہے لیکن ہمیں امید ہے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تمباکو پلانٹ کی مدد سے ویکسین تیار کرلیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے مذکورہ پودوں کو سگریٹ کی تیاری کے علاوہ متبادل کے طور پر ویکسین کی تیاری کا سوچا اور تحقیق کے بعد لائحہ عمل تیار کیا، امید ہے کامیاب ہوں گے۔