لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا کے تشخیصی ٹیسٹ کی استعداد کار روزانہ 10 ہزار تک بڑھانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا پنجاب بہت جلد 10 ہزار کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا 8 نئی لیبز بنانے کا کام آخری مراحل میں ہے، پنجاب میں 43 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں، 4500 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال قائم کر دیئے ہیں، فیلڈ ہسپتال لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا اور دیگر شہروں میں بنائے گئے ہیں، فیلڈ ہسپتالوں میں بستروں کی تعداد 10 ہزار تک بڑھا سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کورونا سے بچاؤ کے لئے لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، پنجاب میں ایس او پیز کے مطابق کنسٹرکشن انڈسٹری اوپن کر رہے ہیں، ہسپتالوں، سکولوں اور سڑکوں کی تعمیر کو پہلے مرحلے میں مشروط طور پر کھولا جائے گا، مختلف انڈسٹریز کو کھولنے کا کیس ٹو کیس جائزہ لیا جائے گا، مقامی سطح پر لاک ڈاؤن میں نرمی یا سختی کا اختیار کمشنر کو ہوگا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا رمضان میں عام آدمی کو ریلیف دینے کا طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے، لاک ڈاؤن میں نرمی کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، ناجائزہ فائدہ نہ اٹھایا جائے، پنجاب میں پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ اور این 95 ماسک اور دیگر سامان روزانہ کی بنیاد پر لایا جا رہا ہے۔