اسلام آباد: (دنیا نیوز) غیر ملکی قرضوں میں ریلیف کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرضوں میں ریلیف سے ترقی پذیر ممالک کورونا سے لڑنے کے قابل ہو سکیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ٹیلیفونک رابطہ میں کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا میں معاشی بحران پیدا ہو چکا ہے۔ ترقی پذیر ممالک کو اس وبا سے زیادہ معاشی نقصان پہنچا۔ ایسے ممالک کو دو طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے، ایک طرف کورونا کی صورتحال اور دوسری طرف بھوک کا سامنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی وسائل میں کمی اور قرضوں کے باعث ان ممالک کو زیادہ خطرناک صورتحال کا سامنا ہے۔ ترقی پذیر ممالک کو اگر قرضوں میں سہولت ملے تو اس وبا سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھ سکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے جرمنی اور اس جیسے ترقی دوسرے ممالک اور یو این سیکرٹری جنرل اس حوالے سے مثبت کردار ادا کریں گے۔ جی 20 کے خزانہ کے وزرا کے اجلاس، عالمی بینک اور آئی ایم ایف بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔