اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عوام کو کورونا سے بچانے کے اقدامات کر رہے ہیں، دوسری جانب (ن) لیگی قیادت کو شریف خاندان کا درد ستا رہا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے شاہد خاقان عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی قیادت سے کہیں قوم کی امانت واپس کردے۔ یہ قوم کی خدمت کا وقت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مگر افسوس کہ آج آپ کی قیادت کورونا متاثرین پر اپنی جیب سے چند دمڑیاں خرچ کرنے کی بھی شو بازی نہیں کر رہی۔ دہائیوں جس ملک پر حکمرانی کی آج اس کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا وقت ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں (ن) لیگیوں کا شہباز شریف کو یاد کرنا، ان کی اقتدار کی محرومی سے جڑا ہے۔ اپوزیشن لیڈر آئے عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کیلئے تھے لیکن بیٹھے آئسولیشن میں ہوئے ہیں۔ قانون کو اپنے تابع رکھنے والے جان لیں کہ نئے پاکستان میں اِدارے آزاد اور قانون بالا دست ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان صاحب! جن حکمرانوں سے ملک نہیں چلتا تھا، عوام نے انہیں اقتدار سے باہر پھینک دیا۔ آج پوری قوم کورونا کے خلاف جنگ میں برسر پیکار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب وزیراعظم عمران خان عوام کو کورونا سے محفوظ رکھنے اور بھوک سے بچانے کے اقدامات کر رہے ہیں، دوسری جانب (ن) لیگی قیادت کو عوام کی بجائے شریف خاندان کا درد ستا رہا ہے۔