اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے پاور سیکٹر سکینڈل پر انکوائری کمیشن بنانے اورانکوائری رپورٹ پبلک کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ انکوائری کمیشن، کمیشن آف انکوائری ایکٹ کے تحت کام کرے گا۔
ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ پر بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر خسرو بختیار، معاون خصوصی ندیم بابر اور مشیر تجارت عبدالررزاق داؤد کابینہ اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے۔
اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائی توانائی کے چیئرمین محمد علی نے آئی پی پیز رپورٹ اور سفارشات پیش کیں۔ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کابینہ نے انکوائری رپورٹ کی روشنی میں کمیشن بنانے کی منظوری دی۔
انکوائری کمیشن، کمیشن آف انکوائری ایکٹ 1952ء کے تحت کام کرے گا جس کا نوٹیفیکشن آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا۔ کابینہ نے تعمیراتی شعبے کو سیلز ٹیکس کی چھوٹ دینے، ریٹائرمنٹ کے بعد سرکاری رہائشگاہ سے متعلق پالیسی پر نظر ثانی، مسابقتی کمیشن کی تشکیل نو سے متعلق سفارشات اور اقلیتوں کے قومی کمیشن کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے کمیٹی برائے قانون سازی اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔