وفاقی کابینہ نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف آرڈیننس کی منظوری دے دی

Last Updated On 17 April,2020 02:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نےذخیرہ اندوزی کیخلاف آرڈیننس کی منظوری دے دی جس کے تحت ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کو 3 سال قید کی سزا ہو گی، ضبط شدہ سامان کی مالیت کا 50 فیصد بطور جرمانہ عائد ہو گا۔

 بتایا گیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف آرڈیننس کی وفاقی کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری لی گئی، آرڈیننس کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں ہو گا۔ ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کو تین سال قید اور ضبط شدہ مال کی مالیت کا 50 فیصد بطورجرمانہ عائد کیا جائے گا۔

ذخیرہ اندوزی میں ملوث ادارے کے ملازمین کے بجائے مالک کے خلاف کارروائی ہوگی، ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کرنے والے افراد کو ضبط کی جانے والی اشیاء کی مالیت کا 10 فیصد بطور انعام دیا جائے گا، آرڈیننس کے تحت ڈپٹی کمشنر کو بغیر وارنٹ کے گرفتاری کا اختیار حاصل ہوگا۔