اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہو گا۔ کابینہ 4 نکاتی ایجنڈا پر غور کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔
کابینہ ایجنڈا کے مطابق اجلاس کے مقام سے متعلق بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کو کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی، کابینہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے گئے فیصلوں کی منظوری دے گی۔
پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی کے شعبے سے متعلق کابینہ کو بریفنگ کی جائے گی۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق ایجنڈا میں شامل ہے۔
وفاقی کابینہ ای سی سی کے گزشتہ دو اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ عالمی لیبر کانفرنس کی جانب سے جاری سفارشات اور پروٹوکولز وفاقی کابینہ میں پیش کیے جائیں گے۔ وفاقی کابینہ کرونا وائرس سے معیشت پر پڑنے والے اثرات پر بھی غور کرے گی۔